پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد رواں ماہ روس کا دورہ کرے گا، میاں کاشف اشفاق

103
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد سی ای او میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں رواں ماہ روس کا دورہ کرے گا۔ دورے کا مقصد فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کی تلاش اور مشترکہ منصوبوں و تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اتوار کو یہاں چوہدری اریب کی قیادت میں فرنیچر کے برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے یہ انتہائی مناسب وقت ہے۔

فرنیچر کے شعبہ میں ترقی اور باہمی تعاون کے بہت زیادہ مواقع اور صلاحیت موجود ہیں جن سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کے ایجنڈا میں کاروباری میٹنگز، فرنیچر کے ممتاز مینوفیکچررز کے ساتھ سائٹس کے دورے، نیٹ ورکنگ ایونٹس اور روس کی فرنیچر انڈسٹری میں اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ معلومات کے تبادلے، تکنیکی جدت کے اشتراک اور شراکت داری کے لیے مثالی پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور اس سے پاکستان اور روس کی فرنیچر کی صنعتوں کو باہمی طور پر فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ روس میں فرنیچر کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے ہمارے لئے وہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم مصنوعات کی پیداوار، معیار، کارکردگی اور جدید ڈیزائنوں کے شعبے میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں جو متنوع مارکیٹس کو پورا کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔