پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد 15 مارچ کو برطانیہ روانہ ہو گا، میاں کاشف اشفاق

74
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلی سطح کا وفد 15 مارچ کو برطانیہ روانہ ہو گا۔ پی ایف سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں کاشف اشفاق نے پیر کو یہاں محمد اریب کی قیادت میں فرنیچر کے برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کی شاندار کاریگری اور ورثے کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر متعارف کرانے کیلئے ایک اہم قدم ہے۔

وفد فرنیچر کی صنعت کے مختلف شعبوں کے دستکاروں، مینوفیکچررز، ڈیزائنرز اور برآمد کنندگان پر مشتمل ہے جو باذوق برطانوی صارفین کے سامنے پاکستانی فرنیچر کی بے مثال خوبصورتی اور کاریگری کے نمونے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہاتھ سے تیار کردہ کندہ فرنیچر اپنے شاندار ڈیزائن، نفاست اور اعلی معیار کے لیے مشہور ہے اور صدیوں پرانی روایات کی عکاسی کرتا ہے۔

وفد برطانیہ میں نہ صرف منفرد اور نفیس فرنیچر کی بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے بلکہ ثقافتی تبادلے کے فروغ اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے بھی پر عزم ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ملاقاتوں، نمائشوں اور نیٹ ورکنگ ایونٹس کے ذریعے وفد تجارتی شراکت داری کے حصول، ڈسٹری بیوشن چینلز کے قیام اور پاکستانی فرنیچر کی بے مثال کاریگری اور فنی ورثے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ برطانیہ کی مارکیٹ میں دیرپا تاثر قائم کرکے پاکستانی فرنیچر کے لیے مارکیٹ اور مواقع تلاش کیے جا سکیں۔