کراچی ۔ 07 جولائی (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ”انٹیریئرز پاکستان“ نمائش ایکسپو سنٹر کراچی میں شروع ہو گئی۔ جمعہ کو ”انٹیریئرز پاکستان“ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں میں انٹیریئر پاکستان نمائشوں کے مسلسل انعقاد سے انٹرپرینیورشپ میں اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف ورکشاپس کے انعقاد سے اس شعبہ سے وابستہ کارکنان کی استعداد میں اضافہ اور انہیں نئی ٹیکنالوجی و اعلیٰ ترین معیار کے فرنیچر کی تیاری بارے آگاہی حاصل ہو رہی ہے جبکہ یہ اس شعبہ میں نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ہیں۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری کا مستقبل بہت روشن ہے اور حکومت سرپرستی کرے تو آئندہ دو تین سال میں اسے دوگنا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں بڑی تعداد میں کمپنیوں نے اپنی انتہائی معیاری اور اعلیٰ مصنوعات نمائش کیلئے پیش کی ہیں اور خریداروں اور دیکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس میں شریک ہو رہی ہے۔ نمائشوں کے تسلسل کے ساتھ انعقاد میں پاکستان فرنیچر کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ ان کے انعقاد سے کمپنیوں کو برانڈز کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے اور پرانے کسٹمرز کے ساتھ روابط مضبوط جبکہ نئے مقامی اور بین الاقوامی کلائنٹس بنانے میں بھی یہ بے حد معاون ہیں کیونکہ ان سے بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کلائنٹ تعلقات استوار کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔