پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی اے پی پی سے گفتگو

236

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ملک میں فرنیچر کی صنعت کا مستقبل بہت روشن ہے، اگر حکومت سرپرستی کرتے تو انتہائی کم عرصے میں پاکستان فرنیچر درآمد کرنے والے سے فرنیچر برآمد کرنے والا ملک بن سکتا ہے کیونکہ پاکستانی فرنیچر خاص طور پر ہاتھ سے تیار کردہ سامان کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے، صنعت کے فروغ کےلئے لاہور اور کراچی کے ایکسپو سنٹر کی طرز پر اسلام آباد میں بھی بڑے ایکسپو سنٹر کی تعمیر ضروری ہے تاکہ فرنیچر اور انٹیریئر ڈیکوریشن کے سامان کی عالمی معیار کے مطابق نمائش کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے کم ہوتے ہوئے جنگلات فرنیچر سازی کی صنعت کےلئے بڑا خطرہ ہیں کیونکہ اس وقت بھی فرنیچر بنانے کےلئے لکڑی کینیڈا، امریکہ ، یورپ اور بعض افریقی ممالک سے درآمد کی جارہی ہے۔