لاہور۔ 12 فروری (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو معیشت کی بحالی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات میں اضافہ اہمیت کا حامل ہے۔ منگل کو کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے سرمایہ کاری کے ایک ریکارڈ پیکیج سے معیشت کو صحت مندانہ بنانے میں مدد ملے گی اور علاقائی جغرافیائی چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ تاجر برادری کے لئے بھی بڑے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ سے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کے فروغ میں بھی مدد ملے گی جو درپیش عالمی اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں اضافہ کے لئے وقت کی ضرورت ہے۔