پاکستان فرنیچر کونسل یکم جولائی سے ٹیکس ورلڈ پیرس ایکسپو میں شرکت کرے گی،میاں کاشف اشفاق

222

لاہور۔16جون (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل یکم جولائی سے 3 جولائی تک فرانس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ پیرس ایکسپو میں شرکت کرے گی اور چن ون کے تعاون سے جدید ڈیزائنوں اور اعلی معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گی۔ اتوار کو یہاں محمد اریب کی قیادت میں درآمد و برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس ایکسپو میں شرکت چن ون کے عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستانی دستکاری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت سے وابستہ دنیا بھر سے ادارے، تنظیمیں اور افراد شرکت کرتے ہیں۔

پی ایف سی اور چن ون اس نمائش میں پاکستان کے روایتی اور عصری ڈیزائنوں کے اچھوتے امتزاج کے حامل فرنیچر اور گھریلو سجاوٹ کی اشیاکی نمائش کریں گے جو ہمارے بھرپور ثقافتی ورثے اور جدت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون کا مقصد نئے کاروباری تعلقات کا فروغ، مارکیٹ رجحانات اور بین الاقوامی خریداروں کی ترجیحات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔ اس طرح کی نمائشوں میں شرکت سے نہ صرف پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھے گی بلکہ گھریلو فرنشنگ کی بین الاقوامی مارکیٹ میں چن ون کی پوزیشن کو بھی تقویت ملے گی۔

وفد کے ڈپٹی لیڈر میاں فریاد احمد رضا نے میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں شرکت سے پاکستانی مصنوعات کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں جگہ پیدا ہو گی اور غیر ملکی خریداروں تک رسائی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کا بھی موقع میسر آئے گا۔