اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کاروباری مواقع اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے 16 جولائی سے کابل میں شروع ہونے والے 3 روزہ امام ابو حنیفہ دوسرے انٹرنیشنل اور نیشنل ایکسپو اینڈ ٹریڈ فیئر میں شرکت کرے گا۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے اتوار کو یہاں مارول کیبلز کے سی ای او چوہدری ذیشان الٰہی آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی کے ساتھ چن ون بھی اس میگا ایونٹ میں شرکت کرے گا۔
چن ون بھی نئے کاروباری مواقع کی تلاش کیلئے اپنی اعلی کوالٹی کی مصنوعات کی نمائش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت سے پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ملے گا جبکہ یہ دنیا بھر کے خریداروں کیلئے ایک اچھا سورسنگ پلیٹ فارم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی جس میں فرنیچر، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، لیدر گارمنٹس، کھیلوں کا لباس، کھیلوں کا سامان انجینئرنگ وغیرہ شامل ہیں۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا وغیرہ میں کئی بین الاقوامی میلوں میں شرکت کر چکے ہیں اور اپنی مصنوعات متعارف کرائی ہیں جن کی اب بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نمائش میں شرکت سے غیر ملکی خریداروں سے آرڈر مل سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے حصول کیلئے بزنس ٹائیکونز کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے بے مثال خصوصی پیکج سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔