اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد چاہتا ہے، وحدت امت کے لئے پاکستان ہر تعاون کے لئے تیار ہے،
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مختلف اسلامی ممالک کے قائدین سے فلسطین کی صورتحال پر رابطے کئے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترکی کے صدر طیب اردوان اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے فوری اور عملی اقدامات کے حوالے سسے تبادلہ خیال ہوا،
وزیراعظم عمران خان کو فلسطینی صدر نے تازہ ترین صورتحال اور ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے فلسطینی عوام کو پیغام دیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ ہے، اسرائیلی مظالم شرمناک اور ناقابل قبول ہیں۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اس وقت مسئلہ فلسطین کے بارے میں پوری امت مسلمہ کے ساتھ رابطے میں ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وزیراعظم عمران خان نے عالم اسلام کے قائدین بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترکی کے صدر طیب اردوان اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے بات چیت کی اور ان تمام امور پر تبادلہ خیال کیا جن سے فلسطینیوں کی عملی طور پر مدد اور ظلم و ستم کے اس سلسلے کو بند کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قائدین سے کہا کہ وہ عالم اسلام کی وحدت و اتحاد کے ساتھ اس معاملے کو آگے لے کر بڑھیں کیونکہ کوئی بھی ملک تنہاءاس معاملہ پر کوئی بہتر اور اعلیٰ کردار ادا نہیں کر سکتا، فلسطین، کشمیر اور امت مسلہ کے مسائل کے حل کے لئے امت کی وحدت بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پاکستانی قوم کے ارض حرمین الشریفین، مملکت سعودی عرب اور اس کی قیادت کے حوالے سے جذبات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کبھی بھی ارض حرمین الشریفین کی سلامتی اور استحکام سے غافل نہیں رہ سکتا، پاکستان کل بھی سعودی عرب کے امن، سلامتی اور استحکام کے لئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا تھا اور آج بھی کھڑا ہے، اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور کہا کہ جو چیز بھی عملی طور پر ممکن ہے پاکستان اس کے لئے تیار ہے، پاکستان اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہ سکتا۔
وزیراعظم نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خاتمہ کے لئے پاکستان تمام بلاد اسلامیہ کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور اس کے لئے بلاد اسلامیہ کو متحرک کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کے فضل و کرم سے پاکستانی قیادت کی آواز پورے عالم اسلام میں گونج رہی ہے، انشاءاﷲ وہ وقت قریب ہے جب امت ایک اتحاد کے ساتھ آگے بڑھے گی، مسئلہ کشمیر، فلسطین، اسلامو فوبیا اور توہین ناموس رسالت کے مسائل پر پاکستان نے امت کی وحدت کی کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔ اﷲ سے دعا ہے کہ وہ ان کوششوں کو کامیاب بنائے۔