اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب صدر سید محسن گیلانی نے فٹ بال ہاؤس کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ قائم مقام جنرل سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن و رکن نارملائزیشن کمیٹی محمد شاہد نیاز کھوکھر اور رکن نارملائزیشن کمیٹی حارث عظمت نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر محسن گیلانی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے عملے کو شفاف اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے اپنے وژن کو دہرایا جو ذمہ داری اور بااختیار بنانے کے اصولوں پر مبنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فٹ بال ہاؤس کے دروازے فٹ بال کے چاہنے والوں کے لئے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں، ہمیں اپنی فٹ بال کمیونٹی سے دوبارہ رابطہ قائم کرنا ہوگا ۔نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ سعود عظیم ہاشمی نے ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر محسن گیلانی کی فٹ بال ہاؤس میں موجودگی تسلسل اور تبدیلی کا پیغام ہے،
ہمیں یقین ہے کہ وہ پاکستان فٹ بال کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ قائم مقام جنرل سیکرٹری پی ایف ایف و این سی رکن محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ صدر محسن گیلانی کو خوش آمدید کہنا ہمارے لئے باعثِ مسرت تھا، ہم ان کے وژن کی مکمل حمایت کریں گے اور پورے پاکستان میں مضبوط اور جامع فٹ بال نظام کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے۔