پاکستان قطر کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید استحکام اور وسعت دینے کا خواہاں ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قطر ائیر فورس کے کمانڈر میجر جنرل (پائلٹ)سالم حمد النابت سے ملاقات میں گفتگو

163

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قطر ائیر فورس کے کمانڈر میجر جنرل (پائلٹ)سالم حمد النابت نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاکستان میں قطر کے سفیر سعود عبدالرحمن الثانی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید استحکام اور وسعت دینے کا خواہاں ہے،پاکستان اور قطر کے مابین دفاعی اور فوجی تربیت کے شعبوں میں تعاون کی کافی صلاحیت ہے ، قطر کو پاکستان کی دفاعی مہارت اور تربیتی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انسداد دہشت گردی اقدامات کے نتیجہ میں عسکریت پسندی اور دہشت گردی کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری آرہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور قطر مختلف شعبوں میں پاکستان کے سرمایہ کاردوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ میجر جنرل سالم حمدالنابت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا