پاکستان قومی خلائی پروگرام 2047 کے تحت چین کے تعاون سے ایک نیا سیٹلائٹ ”پاک سیٹ ایم ایم ون” لانچ کرنے کے لیے تیار

152
satellite "Paksat MM1"
satellite "Paksat MM1"

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) قومی خلائی پروگرام 2047 کے تحت چین کے تعاون سے (کل ) جمعرات کو ایک نیا سیٹلائٹ ”پاک سیٹ ایم ایم ون” لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاک سیٹ ایم ایم ون کی پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم نے سیٹلائٹ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اس نئے سیٹلائٹ کے لانچ کرنے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔

سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ایم عمران نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم20 مئی کو ”پاک سیٹ ایم ایم ون” کے آئندہ لانچ کے لیے بہت پرجوش ہے۔ ”پاک سیٹ ایم ایم ون” مواصلات اور رابطے کے وسیع میدان میں ملک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا جائے گا۔ یہ سیٹلائٹ منصوبہ عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کے درمیان تکنیکی تعاون کی علامت ہے اور توقع ہے کہ اس سے پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں انقلاب آئے گا اور ڈیجیٹل طور پر منسلک پاکستان کی طرف ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگا۔

جدید کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز پر مبنی ”پاک سیٹ ایم ایم ون” ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور ملک کو ڈیجیٹل پاکستان میں تبدیل کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ لانچ کی تقریب سپارکو کے اسلام آباد اور کراچی میں قائم اداروں سے میڈیا کو براہ راست دکھائی جائے گی۔ توقع ہے کہ یہ سیٹلائٹ ایک جدید ترین مواصلاتی نیٹ ورک کے قیام میں اپنا حصہ ڈالے گا اور ٹیلی کام سیکٹر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرے گا اور اس کی جدید صلاحیتیں تیز رفتار انٹرنیٹ اور بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرے گی۔

پراجیکٹ مینجر ایم ایم ون سپارکو عثمان افتخار نے کہا کہ ”پاک سیٹ ایم ایم ون” سیٹلائٹ کے پیچھے بنیادی مقصد پاکستان کے مواصلاتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ ملک کے دور دراز علاقوں تک رابطے کی فراہمی میں مدد دے گا۔ یہ سیٹلائٹ ایک مواصلاتی سیٹلائٹ ہے جسے جیو سٹیشنری مدار میں بھیجا جائے گا۔ پاکستان نے اس سے قبل 3 مئی کو ہینان چین سیسیٹلائٹ ”آئی کیوب قمر ”کو چانگ-ای 6 خلائی شٹل سے خلا میں لانچ کیا تھا۔