اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) پاکستان قومی یکجہتی کونسل کی جانب سے ہفتہ جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ جمعرات کو تقریبات کے سلسلہ میں اسلام آباد ماڈل کالج پوسٹ گریجویٹ مارگلہ ایف سیون فور میں قومی ملی نغموں کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی ملی نغموں کے ذریعے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈائریکٹر جنرل حسنات احمد قریشی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں قومی یکجہتی کے جذبہ کی ضرورت ہے، ہمارے نوجوان اس جذبہ سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی نغموں کے ذریعے طالبات نے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان قومی یکجہتی کونسل کے چیئرمین نسیم احمد عثمانی نے کہا کہ ان کی تنظیم ہر سال 14 اگست کے موقع پر ایسی تقریبات کا انعقاد باقاعدگی سے کر رہی ہے، اس کا مقصد نوجوانوں میں ملک سے محبت کے جذبہ کو مزید اجاگر کرنا ہے کیونکہ یہ ہمارا مستقبل ہیں اور انہیں دیکھ کر ہم یہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تقریبات ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی جس میں جشن آزادی کے سلسلہ میں مضمون نویسی، تقاریر اور پینٹنگز کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=65301