دبئی۔13فروری (اے پی پی):دبئی میں پاکستان قونصل خانے کی کرکٹ ٹیم نے نویں ڈپلومیٹک کپ (کرکٹ چیمپئن شپ 2025) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابلِ شکست رہتے ہوئے مسلسل کامیابی حاصل کی۔ اس ایونٹ میں آٹھ سفارتی مشنز کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، برطانیہ اور امریکہ شامل تھے۔15 اوورز پر مشتمل فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 113 رنز کا ہدف دیا، جسے پاکستانی ٹیم نے محض 12 اوورز میں حاصل کر لیا۔
یہ ٹورنامنٹ 7 سے 9 فروری 2025 تک شارجہ، متحدہ عرب امارات میں واقع اسکائی لائن یونیورسٹی کالج کے کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔پاکستانی ٹیم کے کپتان، ڈپٹی قونصل جنرل اور ہیڈ آف چانسلری، رحیم اللہ خان نے ٹیم کی کامیابی کو کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسپورٹس کی اہمیت اور ٹیم ورک کے فروغ پر زور دیا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے امریکہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے برطانیہ کو ہرایا۔پاکستان کے قونصل جنرل، حسین محمد نے ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحت مند طرزِ زندگی، مثبت ترقی اور مختلف کمیونٹیز کے نمائندوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس سفارتی مشنز کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔