پاکستان قیامت تک دنیا کے نقشے پر موجود رہے گا، شیخ رشید

113
پاکستان قیامت تک دنیا کے نقشے پر موجود رہے گا، شیخ رشید

کراچی۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان قیامت تک دنیا کے نقشے پر موجود رہے گا، پاکستان ایک حقیقت ہے، جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، آج ہندوستانی مسلمان بھی قائداعظم محمد علی جناح کے فیصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزار پرحاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں انہوں نے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرائے ۔

بعد ازاں مزار کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں آج عہد کرنا ہے کہ پاکستانی اقلیتوں کو ان کے آئینی حقوق فراہم کریں گے اور انہیں وہ تمام حقوق فراہم کریں گے، جن سے ملک میں دیگر تمام لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، یوپی اور مہاراشٹر میں مسلمانوں کے ساتھ برا سلوک کیا جا رہا ہے، آج ہندوستانی مسلمان بھی قائداعظم محمد علی جناح کے فیصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔