پاکستان لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے، اس سلسلہ میں بین الاقوامی اداروں کی معاونت قابل قدر ہے ،محمد عباس خان

128

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):کمشنر برائے افغان پناہ گزین محمد عباس خان نے کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے، اس سلسلہ میں بین الاقوامی اداروں کی معاونت قابل قدر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور کمشنریٹ برائے افغان پناہ گزین کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افغان پناہ گزینوں کو صحت اور ضروری خدمات تک رسائی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے کمشنریٹ برائے افغان پناہ گزین (سی اے آر) اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) نے "مفاہمت کی یادداشت” (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

منگل کو آئی آر سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افغان پناہ گزینوں کو درپیش متعدد مشکلات میں سے سب سے اہم صحت کے مواقع تک محدود رسائی، غذائی قلت اور متعدی بیماریوں کی بلند شرح ہے۔ زچہ و بچہ کی صحت بھی تشویش کا باعث ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ذہنی صحت کا مسئلہ بھی توجہ طلب ہے ۔ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے درست معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس معاہدے کے تحت آئی آر سی اور سی اے آر ایک سالانہ ہیلتھ اسٹیٹس رپورٹ کی تیاری میں تعاون کریں گے جس میں صحت کی ضروریات سے متعلق شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ بیماریوں کی روک تھام، علاج اور دیگر ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

محمد عباس خان (کمشنر افغان پناہ گزین) نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان پناہ گزینوں کی امدادکے لئے آئی آر سی کے دیرینہ عزم کو سراہا اور اس مقصد کی حمایت اور امدادی کاموں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے اور یہ مہمان نوازی میزبان برادریوں کی سخاوت کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔ شبنم بلوچ (کنٹری ڈائریکٹر آئی آر سی پاکستان) نے کہا کہ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور کمشنریٹ برائے افغان پناہ گزین کے درمیان یہ تعاون عملی پروگرامنگ کی راہ ہموار کرے گا جو شواہد پر مبنی تحقیق اور ٹرپل نیکسس اپروچ مبنی ہے۔

انہوں نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے آئی آر سی کے حکومتی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس تقریب میں یو این سی ایچ آر کے نمائندے ریمنڈ ٹیگل بھی موجود تھے اور انہوں نے دونوں ایجنسیوں کو شراکت داری پر مبارکباد دی۔بیان کے مطابق پاکستان کی افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ایک طویل تاریخ ہے جو 1979 سے شروع ہوتی ہے۔ اس کے بعد سے لاکھوں افغان مہاجرین نے پاکستان میں پناہ لی ۔ آج بھی، پاکستان پناہ گزینوں کی سب سے بڑی آبادی کی میزبانی کر رہا ہے۔ کوآرڈینیشن کے عمل کو ہموار کرنے کے لئے 1979 میں”کمشنریٹ افغان پناہ گزین ” (سی اے آر) قائم کیا گیا ۔