اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روانڈا سینیٹ کے صدر ڈاکٹر فرینکوئس نے ملاقات کی جس میں روانڈا اور پاکستان سے پارلیمانی ارکان اور سرکاری قیادت نے بھی شرکت کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔
پاکستان”لک افریقہ”پالیسی کے تحت روانڈا سمیت تمام افریقی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ پارلیمانی رابطوں کو پروان چڑھانے میں پاک-روانڈا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا کردار قابل ستائش ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی روابط میں اضافہ ضروری ہے۔ پاکستان اور افریقہ کے مابین زراعت فوڈ سکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اور سرمایہ کاری کے وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔
روانڈا میں منعقد ہونے والی 145ویں بین الپارلیمانی اسمبلی اجلاس میں پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی ۔ روانڈا کے سینیٹ کے صدر نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے افریقی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔