پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات میں گفتگو

69

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی ایکسپو 2020 کے کمشنر جنرل شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں یو اے ای آمد پر خوش آمدید کہا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط، برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایکسپو 2020 میں قابلِ رشک پاکستانی پویلین کا قیام پاکستان اور امارات کے بڑھتے ہوئے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔انشاء اللہ پاکستان شایانِ شان طریقے سے اکتوبر میں منعقدہ اس بین الاقوامی نمائش (ایکسپو 2020) میں شرکت کریگا۔

اماراتی سینیئر وزیر نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اماراتی وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین بڑھتے ہوئے دو طرفہ، برادرانہ تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اپنی بھرپور معاونت کا عندیہ دیا۔