پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شیخ احمد دلموک المکتوم سے گفتگو

285

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کے وفد کی پاکستان کی بندرگاہوں اور شپنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مقصد سے ان کا دو ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

شیخ احمد دلموک المکتوم کا پرائیویٹ آفس متحدہ عرب امارات میں انفراسٹرکچر، توانائی اور زراعت کے شعبوں پر مشتمل کئی نجی کمپنیاں چلا رہا ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری، معاونین خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی ملاقات میں موجود تھے۔