پاکستان متعدد یورپی ممالک کے ساتھ حوالگی کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے ،برطانیہ کیساتھ بھی جلد معاہدے پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد سے ملاقات میں گفتگو

35
پاکستان متعدد یورپی ممالک کے ساتھ حوالگی کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے ،برطانیہ کیساتھ بھی جلد معاہدے پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاءو دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں ،سیکورٹی،تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون اور عوامی رابطے بڑھانے سمیت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے دونوں ملکوں کیلئے فوجداری انصاف کے نظام کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے پاکستانی وزارت داخلہ اور برطانوی داخلہ امور کے مابین تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر زور دیا۔ وزراء نے دونوں ممالک کے مابین مجرمان کی واپسی اور حوالگی سے متعلق معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین معاہدے میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا،معاہدے کا مسودہ تیار ہے جسے منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائیگا۔

وزیر داخلہ نے برطانوی وزیر مملکت کو بتایا کہ پاکستان متعدد یورپی ممالک کے ساتھ حوالگی کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے اور برطانیہ کیساتھ بھی جلد از جلد اس معاہدے پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بد قسمتی سے معاہدے کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد ہائی پروفائل مجرم پہلے ہی برطانیہ میں پناہ لے چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حوالگی معاہدہ ایسے مجرموں کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حوالگی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لئے دونوں ملکوں کی جانب سے کوششیں تیز کرنیکی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی تعلقات قائم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم 1.6 ملین پاکستانیوں کی موجودگی ان تعلقات کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں ان کے مخیر کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر داخلہ نےکووڈ 19 وبائی امراض کی سب سے کم شرح کے باوجود پاکستان کو برطانیہ میں داخل ہونے سےروکےجانے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا ۔

لارڈ طارق احمد نے دورے کے دوران گرمجوشی سے خیر مقدم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے 10 ارب سونامی ٹری منصوبے کو سراہا۔