اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):امام کعبہ پروفیسر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن محمد الحمید نے کہا ہے کہ پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے،پاک سعودی تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں ، نفرت کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ تعلیم ہے، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی تعلیمات کی ترویج میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی بھی موجود تھے۔
امام کعبہ نے کہا کہ پاکستانیوں سے مل کر مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے ، جن استاد محترم سے تحفیظ کا شرف ملا وہ بھی پاکستانی تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بے پناہ محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم اور اسلامی یونیورسٹی کے مابین جاری تعاون سے دنیا بھر کے طلبا و طالبات کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی یونیورسٹی کو سراہتے ہیں کہ جامعہ نے انسانی جان کی شریعہ و قانون کی روشنی میں اہمیت پر کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں وہ خصوصی طور پر شرکت کے لئے آئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے ملکی و غیر ملکی طلبا استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی معاشرتی مسائل اور عصبیتوں کو ختم کرنے کا حل ہے ، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اعلیٰ معیاری تعلیم کی 30 سے زائد ممالک کے طلبا کو فراہمی پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد نے اس کانفرنس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔امام کعبہ نے اصول الدین، شریعہ،اور عربی کے شعبوں میں گراں قدر خدمات پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی تعریف کی ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملک بھر میں سرفہرت ادارہ ہے جہاں غیر ملکی طلبا و طالبات کی سب سے زیادہ تعداد ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بہترین اعلیٰ تعلیم کی فراہمی اور اقدامات پر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کے کردار کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آمد پر امام کعبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی دینی اور عصری علوم کی ترویج کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔
وزارت تعلیم جامعہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہم مدارس اور جامعات کے ذریعے محبت کا پیغام عام کریں۔یاد رہے کہ امام کعبہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت اور خصوصی خطاب کے لئے بدھ کو اسلام آباد پہنچے جبکہ جمعرات کو صبح 9 بجکر 45 منٹ پر فیصل مسجد کیمپس میں وہ اس کانفرنس میں کلیدی خطبہ دیں گے ۔ امام کعبہ جمعہ کے روز فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی بھی امامت کریں گے