پاکستان مسئلہ فلسطین پر خاموش نہیں بیٹھ سکتا ، روسی صدر کی طرف سے فلسطینی صدر کو دورے کی دعوت دینا مثبت قدم ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

123

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے مسئلہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتا اور اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا ،روسی صدر کی طرف سے فلسطینی صدر کو دورے کی دعوت دینا مثبت قدم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایک سال میں 42ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، ایک لاکھ سے زائد زخمی ہیں ، ان حالات میں پاکستان کی ریاست نے ہر ممکن سطح پر فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے اور اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ماہ انٹرنیشنل مسلم علما ءفورم سے روسی صدر ولادی میر پوٹن سے اپیل کی تھی کہ روس ، چین اور سعودی عرب فلسطین کے مسئلہ کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، روسی صدر کی طرف سے سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی امن کیلئے کوششوں کو سراہنا اور فلسطینی صدر کو روس کے دورے کی دعوت دینا مثبت سمت قدم ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبا ءکا پاکستان آنا پاکستان اور فلسطین کی محبت کی دلیل ہے اور ان شا اللہ اس حوالے سے پاکستان کی عوام اور حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔