پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو

88

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے استحکام کے خلاف سازشوں میں مصروف ممالک کے لئے بطور ایجنٹ کام کررہے ہیں ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام نہیں کیا اور وہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں کہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی حکومتی کوششوں کا نتیجہ ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے اثاثے نہیں چھپائے جبکہ عمران خان کے وکیل انور منصور نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس بنی گالہ اور لندن فلیٹس کی منی ٹریل موجود نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ کی آراضی سے متعلق ایک اور یوٹرن لیا ہے جبکہ ان کے ساتھی ارشد خان نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو مذکورہ زمین کی خرید کے لئے رقم فراہم کی ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے اکاونٹ سے 126 ہزار پاونڈز کے غائب ہونے کی وضاحت کرنے سے قاصر رہے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی بینک اسٹیٹمنٹس غیر تصدیق شدہ ہیں۔