اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے منافقت کی سیاست کر رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے عظیم قربانیاں دینے والے اداروں خاص طور پر مسلح افواج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریاست مخالف بیانیہ کو اپنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ اور متنازع بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ عدلیہ اور مسلح افواج سمیت دیگر قومی اداروں کو نقصان پہنچانے سے باز رہے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کو قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او)نہیں دیا اور نہ ہی بدعنوانی کے مقدمات کے حوالے سے ان کے ساتھ کوئی نرمی برتی، یہی وجہ ہے کہ وہ قومی اداروں کو حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ پارلیمنٹ مسائل کو حل کرنے کے لئے بہترین فورم ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کریں۔