اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، اصلاحات و خصوصی اقدامات کنول شوذب نے پاکستان مسلم لیگ (ن )کو مشورہ دیا ہے کہ جھوٹی سیاست کو ترک کر کے اپنے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے کلیئر کروائیں، مریم نواز کے بیانات میں سیاسی الزامات اور تنازعات کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
کنول شوذب نے کہا کہ مریم نواز حقائق کا سامنا کرنے کی بجائے الزامات کی سیاست کر رہی ہیں، مریم نواز کو چاہیے کہ اپنی قیادت کے اکائونٹ، بیرون ملک اپنی ذاتی جائیدادوں اور دیگر بدعنوانیوں کے بارے تفصیلات مہیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز لندن میں مے فیئر کے چار اپارٹمنٹس کی بینیفشری اونر ہیں جن سے وہ ماضی میں انکاری تھیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت نے ہمیش الزام تراشی کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور صرف سیاسی پوائنٹ سکورننگ کرتی آئی ہے۔