
اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر / وزیر اعظم کے سابق مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ عائشہ گلالئی کے حوالے سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے مجھ پر اور میری جماعت پر الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان اخلاقیات اور پاکستان کی سیاست کوتباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اپنے او پر لگائے گئے الزامات پر عدالت جاﺅں گا اور انہیں ہر جانے کا نوٹس بھجواوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کو گواہ بنا کر حلفاً کہتا ہوں کہ آج تک عائشہ گلالئی سے نہ کوئی ملاقات ہے اور نہ کوئی میٹنگ کی ہے۔ عائشہ گلالئی قوم کی بیٹی ہے اس کی پریس کانفرنس کے بعد صرف ان سے ہمدردی کے لئے ٹیلی فون کیا جو ایک منٹ یا اس سے بھی کم بات ہوئی جس میں اسے سچ کی آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کیا اس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جو مجھ پر الزام لگا دیا کہ گورنر ہاﺅس میں بلا کرعائشہ گلالئی کو میں نے 50کروڑ روپے بھجوائے ،بالکل بے بنیاد بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان دوسروںپر الزامات عائد کرنے کے عادی ہو چکے ہیں لیکن میں یہ برداشت نہیں کرسکتا اور اپنے اوپر لگے الزامات کی بنیاد پر انہیں ہرجانے کا نوٹس بھجواﺅں گا۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ عمران خان کا اخلاقیات کے حوالے سے ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے ، کیلیفورنیا کی عدالت سے لے کر کے پی کے میں دن کے وقت کی افطاریوں کی داستانیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ایسے میں ہمیں کیاضرورت پڑی کہ ہم عائشہ گلالئی سے یہ کام کروائےں۔