پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹ انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، مسلم لیگ (ن) اپنا حمایت یافتہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب کر انے کی پوزیشن میں ہے، وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

101

اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹ کے انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور مسلم لیگ (ن) اس پوزیشن میں ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا حمایت یافتہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین منتخب کر ا سکے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کےلئے اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور ہمیشہ سیاست میں ناجائز طریقوں اور سازشوں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کے مینڈیٹ یافتہ پارلیمنٹ کو ایک خاص حیثیت حاصل ہوتی ہے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو دنیا کے تمام ممالک میں افضل جاناجاتا ہے۔