پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا عمران خان کے خطاب پر ردعمل

115
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا عمران خان کے خطاب پر ردعمل

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئین پر حملہ اور آئین شکنی کے سنگین جرائم کیئے ہیں، عمران خان نے بائیس کروڑ عوام اور آئین کو یرغمال بنایا جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتیں اس لئے کھلیں تاکہ آئین اور قانون پر عمل ہو، عدالتیں اس لئے کھلیں کیونکہ آپ نے عدالت سے جھوٹ بولا، عدالتیں اس لئے کھلیں تاکہ آپ کو پتہ چلے کہ ملک آئین کے تحت چلے گا، آپ کے حکم اور خواہش پر نہیں، عدالتیں اس لئے کھلیں کیونکہ آپ نے آئین اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ ملک بائیس کروڑ لوگوں کی امانت ہے، وہ آپ کے غلام نہیں، اس لئے عدالتیں نصف شب کو کھلیں۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے، سوال کرنے سے زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ قوم سے اپنے جرائم کی معافی مانگیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ آپ کی حقیقت، کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب ہورہی ہے اور مزید عیاں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پونے چار سال عوام کا آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی، گیس، کھاد چوری کی

، عوام کا پیسہ تباہ کیا، یہ ہے آپ کا جرم، عوام مہنگائی، بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مررہی تھی، آپ کے لیکچرز جاری تھے، یہ ہے آپ کا جرم، احتساب کے نعرے لگا کر سیاسی مخالفین اور میڈیا کوناحق جیلوں میں ڈالا،

یہ ہے آپ کا جرم، ریاست مدینہ، امربالمعروف کی مقدس اصطلاحات کو اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لئے استعمال کیا، یہ ہے آپ کا جرم، فارن فنڈنگ کی آپ کی سازش پکڑی گئی ،

یہ ہے آپ کا جرم، لاکھوں ڈالر اور اربوں روپے الیکشن کمیشن سے چھپائے، یہ ہے آپ کا جرم، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، بی آرٹی، بلین ٹری سونامی کی کرپشن آپ کے جرائم ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مافیاز اور کارٹلز کے ذریعے پاکستان کے عوام کو دن رات لوٹا، عوام کا آٹا، چینی، کھاد سمگل کرائی، سستے داموں بیرون ملک بیچی اور مہنگے داموں امپورٹ کی، توشہ خانے کے تحائف کو چند کروڑ کی خاطر بیچ دیا، ملک کی بدنامی کرائی، اپنی سیاست کے لئے پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلا۔