اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ( ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے ، بیرونی امداد لینے والے کسی لیڈر کی بات ہرگز نہ مانی جائے ، عمران خان مخالفین کے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے تباہی اور خطرناک ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمارے ملک پر آفت آئی ہوئی ہے، حکومت سیلاب زدگان کے لیے پوری کوشش کررہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف ہر جگہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے جا رہے ہیں۔دوسری طرف عمران خان گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور دیگر سرکاری وسائل استعمال کرکے فوٹو سیشن کے لیے سیلاب زدہ علاقوں میں جاتے ہیں، ٹیلی تھون سے 5 ارب سوشل میڈیا پر جمع کیے اور سوشل میڈیا پر ہی بانٹ دیے جبکہ ان کی دو صوبوں میں حکومت ہے، وہ وفاقی حکومت پر سب کچھ ڈال کر پتلی گلی سے نکل نہیں سکتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو نہ تو عمران خان کی بات سننی چاہیے اور نہ ہی اسے سٹیک ہولڈر سمجھنا چاہیے کیونکہ وہ شخص پاکستان کی تباہی ہے، سٹیک ہولڈر نہیں ہے۔ وہ سیاسی مخالفین کے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے خطرناک ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مذہب بہت مقدس ہے، اسے اپنی گھٹیا ذاتی سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے، سیاست تو عبادت ہے، سیاست صرف اقتدار کی تگ و دو نہیں ہے، میں خود یہ بھگت چکی ہوں، احسن اقبال صاحب نے گولی کھائی ، پی ٹی آئی نے میری والدہ کے خلاف این اے 120 کا الیکشن لڑا ہی توہین کے اوپر تھا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے کسی فارن فنڈڈ فتنے کے مطالبے پر فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے اسے فنڈ کیا ہے، اس شخص کو سیاست، اخلاقی اقدار اور نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا، یہ پاکستان کی معیشت میں سرنگیں بچھا کر چلا گیا ہے، پہلے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر جاتے ہوئے اس نے خود ہی آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس طرح یہ اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے ایسا کوئی ایسا انسان ہی کر سکتا ہے جس کی ذہنی صحت درست نہ ہو، آج پھر یہ اپنی سی وی لے کر گھوم رہا ہے ، بیساکھیاں ڈھونڈ رہا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہاکہ طلال چوہدری، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کو تو عدالت سے معافی نہیں ملی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ پہلے آپ خاتون جج کی جلسے میں تذلیل کریں پھر معافی مانگ لیں،ملکی معیشت سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کے لیے چند سال لگیں گے، چند مہینوں میں یہ کام نہیں ہو سکتا، حکومت نے مشکل فیصلے لیے ۔وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ملکی معیشت کو تباہی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، الیکشن کے بعد جب 5 سال کے لیے حکومت آجائے گی تو وہ اپنے دور رس فیصلے لے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ میری پہلی ذمہ داری عوام ہیں، میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو سپورٹ نہیں کرتی، انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرنے والا عمران دوسروں پر پوائنٹ سکورنگ نہ کرے، پہلے امریکا مخالف نعرے لگوائے اب 25 ہزار ڈالر دیکر لابنگ فرم ہائر کی، عمران بتائیں رابن رافیل کو کیا بتایا ہے؟۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=327423