اسلام آباد ۔ 08 مئی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی مکمل تلاشی ہو گی اور ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو جائے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ سے باہر جانے والے فسادیوں کے چہرے اترے ہوئے اور دیکھنے والے تھے، ان کے پاس بے نامی جائیداد بنی گالہ، آف شور کمپنیوں اور فارن فنڈنگ کے حوالے سے کوئی جواب نہیں اور آف شور کمپنیوں میں ان کی بہنیں شامل نکلی ہیں جن کے پاس کمپنیوں اور دوبئی میں جائیداد کے ثبوت بھی نہیں ، اب عمرا ن خان کا خاندان بھی بے نقاب ہو چکاہے۔عمران خان کی مکمل تلاشی ہو گی جامع تلاش سے جو کچھ نکلے گا اسے معزز عدالت اور قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا اورقوم کو پتا چلے گا کہ پاکستان میں چور مچائے شور والی کہانی عمران خان نے شروع کی جس میں چور، بے نامی جائیداد ،ہندوستان اور اسرائیلیوں سے پیسہ لینے والے بھی وہ خود ہی نکلے، اس ایک ایک پیسے کا حساب قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔