پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

78

اسلام آباد ۔ 4 جون (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے عمران خان بنی گالہ کی زمین خریداری کے حوالے منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور آج بھی عمران خان کی سپریم کورٹ میں قلابازیاں جاری ہےں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کی پارلیمنٹ کی تقاریر، پریس کانفرنسز، عدالتی جواب اور حلفی بیانات سب اٹھا کر دیکھ لئے جائیں تو ان سب میں عمران خان نے یہی بتایا تھا کہ انہوں نے یہ فلیٹ 1983 میں ایک لاکھ 17 ہزار پاونڈ میں خریدا، بعد ازاں سال 2000ءمیں عمران خان نے حکومت پاکستان کو جو ایمنسٹی فائل کی، اس میں بھی یہی کہا گیا مگر بعد میں انہوں نے یک لخت یہ کہہ دیا کہ یہ فلیٹ 1984 میں خریدا اور انہوں نے اس کی صرف ابتدائی قسط 61 ہزار پاونڈ جمع کرائی۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے اب جو دستاویزات عدالت میں جمع کرائی ہیں ان کے مطابق فلیٹ کی مالیت ایک لاکھ 17 ہزار پاﺅنڈ نہیں بلکہ اس میں 5 سو پاﺅنڈ کا اضافہ ہو گیا ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان قبول کر رہے ہیں کہ ان کے پاس منی ٹریل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں لا سکی، نواز شریف کہیں نہیں جا رہے اور اب صرف عمران خان نہیں بلکہ ان کی پوری پارٹی نااہل ہونے جا رہی ہے۔