اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کو منفی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) 2018ءکے عام انتخابات بھی کامیاب ہوگی، عمران خان منفی سیاست ترک کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں حکومت کا ساتھ دیں، عوام احتجاج اور بدامنی کی بجائے ملک میں ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ بدھ کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) 2018ءکے انتخابات بھی کامیاب ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی دانشمندانہ اور موثر پالیسیوں کی بدولت مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی۔