پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس

130
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس

لاہور۔31اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کااہم مشاورتی اجلاس لاہورمیں منعقدہوا،اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف،وزیراعلی مریم نواز اورپارٹی کے نائب صدر حمزہ شہباز نے شرکت کی،پارٹی کے سینئر رہنماء وعہدیدار بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر مشاورت ہوئی ،وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عوام کے ریلیف کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر پارٹی سربراہ کو بریف کیا،اس موقع پروزیراعظم نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا،انہوں نے کہاکہ خساروں کے شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز نے بھی پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب روپے کے عوامی ریلیف کو سراہا اور کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے کام کررہے ہیں،

انہوں نے پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں میں14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی شروع ہونے پر وزیراعلی مریم نواز کو شاباش دی اور کہاکہ چاہتاہوں کہ پاکستان کے ہرشہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے،مریم نواز اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔

محمد نواز شریف نے کہاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام سیاسی و حکومتی قیادت اور اداروں کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کیلئے وسائل مہیا کریں۔