پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے ،موجودہ حالات میں حکومت اورتمام سیاسی جماعتوں کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے،فیصل کریم کنڈی

122

لاہور۔2جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے ،موجودہ حالات میں حکومت اورتمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ وہ اتوارکے روز لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما عزیز الرحمان چن کی رہائش گاہ پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 18ویں اور 19ویں آئینی ترامیم کا کریڈٹ پاکستان پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں میں تصادم نہیں ہونا چاہیے اور سب کو اپنے اپنے پیرامیٹرز کے اندر رہ کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج پر اعتراض کرنے والوں کے لیے مناسب فورمز موجود ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میرے صوبے میں پنجاب سے زیادہ مشکلات ہیں، کے پی کے کی بیشتر یونیورسٹیوں میں زیادہ تر میں وائس چانسلر ہی نہیں ہیں، اس کے علاوہ کے پی کے میں امن و امان کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے دو طرح کا ہے ،ایک سوشل میڈیا پر اورایک ویسے جو اصل حالت میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں صحت سمیت دیگر شعبوں میں بے شمار انقلابی کام کئے ہیں،میری کوشش ہو گی کہ سندھ طرز کی ترقی پر کے پی کے میں کام کیا جائے۔

ایک اور سوال پرانہوں نے کہا کہ ہمیں چالیس سال بعد عدالت سے انصاف ملا ہے ،کیا اب ذوالفقار علی بھٹو کو واپس لایا جا سکتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وفاق اور پنجاب حکومت میں شمولیت پر بات چیت کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، اس حوالے سے فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔