پاکستان مضبوط حریف، گرین شرٹس کواس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے، کیوی کپتان

242
پاکستان مضبوط حریف، گرین شرٹس کواس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے، کیوی کپتان

کراچی۔8جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور اچھی ٹیم ہے،گرین شرٹس کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان کام نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں (کل)پیر سے شروع ہونے والی تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ولیمسن نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کریں، عالمی کپ قریب ہے ہمیں اس کی بھی تیاری کرنی ہے اور فتح ہمارے لیے اہم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیریز جیتنے اور عالمی کپ کے لیے کیویز کو بھر پور تیاریاں کرنی ہیں ،بطور بیٹر کوشش ہوتی ہے جب بھی رنز بنائوں ٹیم کے لیے فائدہ مند ہو،آئی سی سی ورلڈ کپ سپرلیگ کا حصہ ہونے کے ناطے یہ سیریز بہت اہم ہے،ہم اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

کیوی کپتان نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے،اسے ہوم گرائونڈ کا بھی ایڈوانٹیج حاصل ہوگا،ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،امید ہے کہ ون ڈے سیریز میں شاندار مقابلے دیکھنے میں آئیں گے،ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد ہے۔