پاکستان معاشی بحرانوں سے کامیابی سے نکل جائے گا ، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں ،وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

126

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحرانوں سے کامیابی سے نکل جائے گا جبکہ ایک سیاسی جماعت ملک کے دیوالیہ ہونے کا پرچار کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروبار کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں اور پاکستان کو ڈیفالٹ قرار دینے والوں کی خود کی سیاست ڈیفالٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو سیاست سے بالاتر رکھنا ہے ، وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل کو حل کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی شعبہ کا کردار معاشی ترقی کے انجن کا درجہ رکھتا ہے اور مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا اولین ترجیح ہے جبکہ ہمیں اپنی برآمدات کو کم سے کم مدت میں 100 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی مارکیٹ میں برآمدات کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ چین کی 2 ہزار 250 ارب ڈالر درآمدات میں ہمارا حصہ فقط 3 ارب ڈالر ہے اس لئے تمام چیمبرز چین کو برآمدات بڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائیں اور تجارتی حلقے اپنے مسائل کی نشاندہی کریں اس ضمن میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو آپریشن فراہم کرے گی۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمیں بیرون ممالک نئی منڈیوں کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ملک میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا لیکن ہم نے سیلاب کے بعد کی صورتحال پر بہتر انداز سے قابو پایا۔ اجلاس میں تجارتی حلقوں کے نمائدگان نے درپیش مسائل سے وزیر منصوبہ بندی و ترقی کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔