پاکستان معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے،اپریل 2022 میں ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

68

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی تباہی کے اثرات سے نکل رہا ہے،اپریل 2022 میں حکومت سنبھالی تو آئی ایم ایف پروگرام عمران حکومت کی وعدہ خلافی کی وجہ سے معطل تھا،اپریل 2022 میں ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا۔

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق حکومت نے جاتے جاتے خزانے کے لئے ناقابل برداشت فیول سبسڈی دی جس کی وجہ سے قوم کو 100 ارب روپے ماہانہ خسارہ برداشت کرنا پڑا ۔گزشتہ سال ہماری امپورٹس 80 ارب اور برآمدات 31 ارب ڈالرز تھیں، سابقہ حکومت تاریخ کا سب سے بڑا 49 ارب ڈالر تجارتی خسارہ دے کر گئی۔

انہوں نےکہا کہ سابقہ حکومت 17.5 ارب ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ دے کر گئی ۔پی ٹی آئی کے چار سال میں ہر سال ریکارڈ بجٹ خسارہ ہوتا رہا ۔آج فیڈرل، ٹریڈ اور کرنٹ اکائونٹ خساروں سمیت ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید معاشی مشکلات کے باوجود ہم نے سیلاب کی صورتحال کا مقابلہ کیا، متاثرین کی مدد کی۔

پی ٹی آئی نے چار سال میں تاریخی 20 ہزار ارب کا قرض واپس کرنے کے لئے اقدامات کئے ۔ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں اضافہ کیا۔ہم غریب خاندانوں کو مفت آٹا دے رہے ہیں تاکہ انہیں مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔