پاکستان مقابلہ ویسٹ انڈیزون ڈے سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

71
پاکستان مقابلہ ویسٹ انڈیزون ڈے سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

لاہور۔3جون (اے پی پی):پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچز کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جانے والے ان میچز کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 300 روپے اور زیادہ سے زیادہ 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ ٹکٹیں بک می ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے سمیت ایم اینڈ پی کے مخصوص آٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے فاطمہ ٹاون، گلگشت ٹاون اور کچہری چوک پر موجود موبائل وینز پر بھی ٹکٹیں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔الہی برادرز، حنیف محمد، مشتاق احمد اور وسیم اکرم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

فضل محمود، عمران خان، جاوید میانداد اور ظہیر عباس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیزسیریز کے لیے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ پینل میں این بشپ، جیف ڈوجون، بازید خان، ثنا میر اور عروج ممتاز شامل ہیں۔

زینب عباس بطوربراڈکاسٹ پرزینٹر ذمہ داریاں ادا کریں گی۔سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی براڈکاسٹ کوریج کے لیے 21 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔

ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی کیمروں کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ یہ میچز سکائی یو کے (برطانیہ)، سکائی این زیڈ (نیوزی لینڈ)، فاکس سپورٹس (آسٹریلیا)، سپر سپورٹس (سب سہارا افریقہ)، فلو سپورٹس (کیریبین)، سونی (پاکستان کے علاوہ جنوبی ایشیا) کے ذریعے دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔