پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ

236
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو پریس بریفننگ میں کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سری نگر میں بھارتی کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن عرفان معراج کو گرفتار کیا، پاکستان کو عرفان معراج اور خرم پرویز سمیت درجنوں کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی حفاظت اور خیریت کے بارے میں تشویش ہے جو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں قید ہیں۔

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو دبانے اور مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی کو سلب کرنے کی پالیسی کو ختم کرے۔