اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 144 ویں لانگ کورس ، 63 ویں انٹیگریٹڈ کورس ، 33 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس ، تیسرے بنیادی ملٹری ٹریننگ کورس اور 18 ویں لیڈی کیڈٹس کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہفتہ کو منعقد ہوئی۔
آذربائیجان ، بحرین ، عراق ، سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس میں شامل تھے۔ اس موقع پر رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید بن راغد الرویلی مہمان خصوصی تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق مہمان خصوصی نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں ایوارڈ تقسیم کئے۔
بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر عثمان انور کو اعزازی تلوار کے ایوارڈ ، بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر حمزہ نذیر کو صدارتی گولڈ میڈل ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سری لنکا سے سینئر انڈر آفیسر واناسنگل آراچیج شانوکا میہرینج پیریز کو دیا گیا۔
کمانڈنٹ کا تمغہ سلطنت سعودی عریبیہ سے جونیئر انڈر آفیسر رافید عبداللہ الجنید کو اور چیف آف آرمی سٹاف چھڑی 33 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس سے کورس انڈر آفیسر وقار محمد کو اور 63 ویں انٹیگریٹڈ کورس سے کورس انڈر آفیسر حسن ابرار کو دیا گیا۔
تیسرے بنیادی ملٹری ٹریننگ کورس سے کورس انڈر آفیسر حنا بخاری اور 18 ویں لیڈی کیڈٹس کورس سے کورس انڈر آفیسر حور فاطمہ کو کمانڈنٹ چھڑی کے اعزاز سے نوازا گیا ۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل فیاض بن حمید بن راغد الرویلی نے پاسنگ آوٹ کیڈٹس اور ان کے والدین کو تربیت کی کامیاب تکمیل اور سروسز میں شمولیت پر مبارکباد دی۔
سعودی سی جی ایس نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی جس کی عکاسی اعلی تربیتی ادارے پی ایم اے میں دی جانے والی تربیت کے اعلیٰ معیار سے ہوتی ہے۔