اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن)علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آج زرمبادلہ کی صورتحال تسلی بخش ہے جو تقریباً 16 ارب ڈالر کے قریب ہے اور تین ماہ کی درآمدات کے لئے کافی ہے، افراط زر ایک ہندسے میں ہے جس کے نتیجہ میں شرح سود کو ریکارڈ 22 فیصد سے کم کر کے 12فیصد تک لایا گیا ہے، سٹاک مارکیٹ اپنی بلند ترین سطح پر ہے، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان کے معدنی شعبے کو دریافت کرنے، حکومتی پالیسی اصلاحات کے بارے میں جاننے اور بڑے پیمانے پر کان کنی کی صلاحیت کو دریافت کرنے کے لئے ایک باب ثابت ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(اوگرا) میں غیر ملکی سفیروں کو8 سے 9 اپریل تک یہاں منعقد ہونے والی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 (PMIF25) کے بارے میں منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا۔ یہ فورم 8-9 اپریل 2025 کو جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں عالمی وزراء، معروف کمپنیاں، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور صنعت کے ماہرین پاکستان کے معدنی وسائل کی صلاحیت کو دریافت کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مختلف ممالک کے وفود کو پاکستان کے وسیع معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع کو دریافت کرنے کی دعوت دی جو پاکستان کے معدنی شعبے کے مستقبل کو تشکیل دے گا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی جانب سے گزشتہ ایک سال میں اصلاحات کے مشکل سفر پر روشنی ڈالی جو بین الاقوامی دوستوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی مدد اور عوام کی حمایت سے ممکن ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ذخائر کی صورتحال کہیں زیادہ بہتر نظر آ رہی ہے جو تقریباً 16 ارب ڈالر کے قریب ہے اور تین ماہ کی درآمدات کے لئے کافی ہے، سٹاک مارکیٹ اپنی بلند ترین سطح پر ہے، افراط زر ایک ہندسے میں ہے جس کے نتیجہ میں شرح سود کو ریکارڈ 22 فیصد سے کم کر کے 12فیصد تک لایا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر پر زور دیا جن میں دنیا کے سب سے بڑے تانبے اور سونے کے ذخائر بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ PMIF25 بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان کے معدنی شعبے کو دریافت کرنے، حکومتی پالیسی اصلاحات کے بارے میں جاننے اور بڑے پیمانے پر کان کنی کی صلاحیت کو دریافت کرنے کے لئے ایک دروازہ ثابت ہوگا۔
سعودی عرب، چین، امریکہ، کینیڈا، آذربائیجان، ازبکستان، قزاخستان، ترکمانستان، چیک ریپبلک اور انڈونیشیا سمیت متعدد ممالک کے سفیروں اور نمائندوں نے اس بریفنگ سیشن میں شرکت کی۔ پاکستان کے معدنی شعبے میں یہ فورم سرمایہ کاری کے مواقع کو دریافت کرنے کے لئے عالمی سٹیک ہولڈرز کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس تاریخی تقریب کانفرنس کے دوران دو الگ الگ شعبوں کے ذریعے ملک کے وسیع غیر دریافت شدہ معدنی ذخائر کو پیش کیا جائے گا۔
اول، سٹریٹجک کانفرنس میں اہم پینل مباحثوں کو اجاگر کیا جائے گا جیسے کہ ‘کان کنی کی ترقی میں ذمہ دارانہ نمو کو فروغ دینا’، نیز پاکستان کے معروف معدنی وسائل اور ٹیکنالوجیز کی نمائش شامل ہیں۔ تقریب میں پاکستان کی حالیہ پالیسی اصلاحات اور نیشنل منرل ہارمونائزیشن فریم ورک کا تعارف، ادارہ جاتی صلاحیت کی تعمیر، اور پائیدار توانائی کی منتقلی کے لئے عزم کو بھی پیش کیا جائے گا۔ مزید برآں شرکا ء کو ملک کے معدنی شعبے کی ترقی کے لئے سٹریٹجک وژن کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل ہوگی، جو اسے ایک پرکشش سرمایہ کاری کے مقام کے طور پر مضبوط کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575148