
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان منرلز سمٹ تین ’مفاہمتی یادداشتوں‘ پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔اس میں پاکستان کی کان کنی کی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان منرلز سمٹ – ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔ سمٹ میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی وزراء، غیر ملکی معززین، سرمایہ کاروں اور تکنیکی ماہرین نے بھی شرکت کی۔
اس سمٹ کا اہتمام سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور بارک گولڈ کارپوریشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا جسے وزارت پٹرولیم نے سہولت فراہم کی تھی۔ یہ سمٹ "ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ: پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع” کے موضوع پر تھی۔ سمٹ کو 4 سیشنز میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں چار انفرادی خطابات، چار پینل مباحثے، ایک کلیدی تقریر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے خصوصی خطاب شامل تھے۔ سمٹ ماہرین، صنعتی رہنمائوں اور سرکاری و نجی اداروں کے بہت سے سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور پاکستان کی معدنیات کی صلاحیت کو تلاش کرنے کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ تلاش کرنے میں کامیاب رہی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم پاکستانیوں نے ہمیشہ عزم اور امید کا مظاہرہ کیا ہے اور ایسے اقدامات سے میں امید کو حقیقت بنتے دیکھ سکتا ہوں، ہمیں بہتر مستقبل کے لیے ایک مضبوط بیانیہ تیار کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کی معدنی دولت ہمارے لیے عالمی معیشت میں اپنی شناخت بنانے کا بہترین موقع ہے، ایس آئی ایف سی ایک بہترین قدم ہے جو پاکستان کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان میں کان کنی کی صنعت کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے بارے میں اپنے وژن سے آگاہ کیا اور ایس آئی ایف سی کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت کسی قوم کے عزم کا امتحان ہوتا ہے، ہم آہنگی، ثابت قدمی اور امید کے ذریعے ہم موجودہ چیلنجوں پر قابو پا لیں گے۔ تقریب کا اختتام تین ’مفاہمتی یادداشتوں‘ پر دستخط کے ساتھ ہوا جس میں پاکستان کی کان کنی کی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع کی یقین دہانی کرائی گئی۔