سجاول ،سندھ۔4جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک موثر جیو اکنامک پالیسی پر عمل پیرا ہے جس سے علاقائی تعاون، ترقی اور تجارت کو فروغ میسر ہوگاہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق وہ منگل کو سجاول، سندھ میں دیوان فاروق موٹرز اور کیا کے زیر اہتمام شہرزور کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔چیئرمین سینیٹ نے دیوان فاروق موٹرز اور کیا کو یہ شاندار سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی جس سے نہ صرف متعلقہ کمپنیاں بلکہ پاکستان کی مجموعی صنعتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر ہوتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہ زور ٹرک کا آغاز آٹو موٹیو کی صنعت میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا جس سے پاکستان کے صنعتی شعبے میں جدت اور بہتری کو فروغ میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نے شاہکار سے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔چیئرمین سینیٹ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ اور آٹوموبائل کے شعبے میں ترقی سے علاقائی سطح پر تجارت،ملازمتوں کے وسیع مواقع اور اقتصادی ترقی کے لئے راہیں ہموار ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں آٹوموبائل انڈسٹری کے ذریعے رونما ہونے والی معاشی تبدیلی کی طرح پاکستان میں بھی یہ انڈسٹری اختراع پیدا کرے گی اور الیکٹرک وہیکلز کو تمام صارفین کے لئے قابل رسائی،سستی اور حفاظتی معیارات کے مطابق میسر ہوں گی۔انہوں نے آٹو مینوفیکچررز پر زور دیا کہ وہ جدید خطوط پر عمل کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں میں شراکت دار بنیں اور مشترکہ طور پر شہروں میں فضائی آلودگی اور توانائی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل اختیار کریں۔انہوں نے قومی اور بین الاقوامی پائیدار ترقی کے مقاصد کے مطابق الیکٹرک مسافر گاڑیاں متعارف کرانے کے دیوان موٹرز کے منصوبوں کوسراہا۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی افرادی قوت اور خاص طور پر نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھایا جائے اس سے نہ صرف نوجوان آبادی کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی بلکہ آٹو موبائل انڈسٹری کو بھی موثر فروغ ملے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے آٹو موٹیو سیکٹر میں جدت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کو آگے فروغ دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آٹوموبائل انڈسٹری معاشی ترقی کے لئے مرکز ثابت ہو گا اور اس سے نہ صرف شراکت داری کو فروغ ملے بلکہ ملکی ترقی وخوشحالی اور سرمایہ کاری میں بہتری آئے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری کے روشن مستقبل، پبلک پرائیویٹ تعاون، تحقیق، ترقی اور مقامی مصنوعات کے لئے مارکیٹ تک رسائی کے سازگار ماحول کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔