پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لئے استعداد کار کو مزید فروغ دینے میں آئی آر سی کی مسلسل حمایت کا خواہاں ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف

130
پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لئے استعداد کار کو مزید فروغ دینے میں آئی آر سی کی مسلسل حمایت کا خواہاں ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے استعداد کار بڑھانے کیلئے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی مسلسل حمایت کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کے صدر اور سی ای او ڈیوڈ ملی بینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

پاکستان کے ساتھ آئی آر سی کی قابل قدر اور دیرینہ شراکت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران آئی آر سی کی بروقت مدد کو سراہا۔ انہوں نے صدر آئی آر سی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے بارے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لئے استعداد کار کو مزید فروغ دینے میں آئی آر سی کی مسلسل حمایت کا منتظر ہے۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر نو اور مرمت کے لئے آئی آر سی کی گراں قدر مدد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ڈیوڈ ملی بینڈ نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لئے بروقت اقدامات کرنے پر حکومت پاکستان کے عزم اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے انتظام میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی آئی آر سی کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات میں وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، سید طارق فاطمی، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔