پاکستان موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کے حوالہ سے پرعزم ہے، وفاقی وزیر احد خان چیمہ کی پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی سے گفتگو

111

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کے حوالہ سے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی اس ملاقات میں اقتصادی امور ڈویژن کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے 2022 پاکستان میں آنیوالے تباہ کن سیلاب کے بعد امداد اور تعاون اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی گرانقدر خدمات پران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تعمیرنو اور بحالی کیلئے ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں پاکستان کی تعمیر کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک 2023-2027 کے تحت جاری اور مستقبل کے تعاون پر جامع بات چیت ہوئی جس میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ فریم ورک میں بنیادی سماجی خدمات، صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے، موسمیاتی تبدیلیوں، ماحولیات، پائیدار جامع اقتصادی ترقی اور حکمرانی جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے تحت اقدامات پر پیشرفت کاجائزہ لینے اور کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنجز سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ وزیر برائے اقتصادی امور نے فریم ورک کے تحت وفاقی اور صوبائی نگران کمیٹیوں کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تمام پانچوں نتائج پر مطلوبہ سٹریٹجک سمت فراہم کرنے اور کاموں کی نگرانی میں معاون ثابت ہوں گی۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کو آرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ضروری شعبوں میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کی جاری تکنیکی تعاون کی توثیق کی جس کی وفاقی وزیر نے تعریف کی اور ان کاشکریہ اداکیا۔