پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اسلام آباد کا پی ایم ڈی سی کی طرف سے پاکستانی گریجویٹس کو قومی لائسنسنگ امتحان(این ایل ای ) سے مستثنیٰ قرار دینے کا خیر مقدم

68

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اسلام آباد نے پی ایم ڈی سی کی طرف سے پاکستانی گریجویٹس کو قومی لائسنسنگ امتحان(این ایل ای ) سے مستثنیٰ قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا نے کہا ہے کہ پی ایم اے اسلام آباد کی کا وشوں کے بعد وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے وعدے کے مطابق پی ایم ڈی سی نے 8 فروری سے پاکستانی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کو قومی لائسنسنگ امتحان ( این ایل ای ) کے بغیر مستقل رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں ڈاکٹروں کی سہولت کے لیے ایک فعال پی ایم ڈی سی آن لائن پورٹل شروع کیا گیا ہے۔پی ایم ڈی سی کی جانب سے گڈ سٹینڈنگ سرٹیفکیٹس اور تجدیدی عمل کا بھی آغاز کردیا گیا۔پی ایم اے اسلام آباد نے اس حوالے سے مسائل کے حل کیلئے وفاقی وزیر سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بارہا آگاہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل طلباء کو درپیش دیگرمسائل کے حل کے کوششیں جاری رکھیں گے۔ میڈیکل شعبے کو درپیش ہر مسلئے کے حل میں پی ایم اے اسلام آباد اپنا بھر پور کردار ادا کرئے گی ۔