اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اسلام آباد نے ملک گیر پولیو ویکسین مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔یہ فیصلہ پی ایم اے اسلام آباد کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سینئر نائب صدر ڈاکٹر مبشر دہا اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد اجمل نے کی۔
اجلاس میں صحت کے شعبے کے بعض عناصر کی جانب سے منفی پراپیگنڈے کی شدید مذمت کی گئی اور وفاقی وزیر صحت کے خلاف بے بنیاد الزامات اور کردار کشی کی مہم کو سختی سے رد کیا گیا۔پی ایم اے نے سرکاری ہسپتالوں میں آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈیز) بند کرنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو بلاتعطل طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر مبشر دہا نے کہا کہ پی ایم اے قومی پولیو مہم کی کامیابی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور کسی بھی سازشی گروہ کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد اجمل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن ہر سازش کا مقابلہ کارکردگی اور عزم کے ساتھ کرے گی۔
اجلاس میں نائب صدر ڈاکٹر عابد شاہ، ڈاکٹر رانا جاوید، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عابد سعید، فنانس سیکریٹری ڈاکٹر خرم شہزاد اکرم، پی ایم اے کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر میاں عبدالرشید، ایگزیکٹو کونسل کے ارکان ڈاکٹر رانا عباس، ڈاکٹر سرتاج اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔