37.1 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رمضان المبارک کے آغاز پر...

پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رمضان المبارک کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 6 مئی (اے پی پی) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں رہنے والے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کو یہاں پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں مارگریٹ ایڈمسن نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے پرامن اور ہم آہنگی پر مبنی رمضان المبارک کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک درحقیقت عقیدہ، قومیت، ثقافت اور نسلی تفاوت سے بالاتر ایک پرامن، دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ایک ایسا موقع ہے کہ ہم سوچیں کہ کرہ ارض اور اس کرہ پر کمزور تنوع کی بہتری کیلئے ہم کیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں رہنے والے 6 لاکھ سے زائد مسلمان بھی رمضان المبارک مذہبی جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ آسٹریلیا میں رہنے والے مسلمان آسٹریلیا کے کثیر الثقافتی معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں جس میں ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباءکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آسٹریلیا میں پاکستانی طالب علموں کی تعداد میں اضافے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرنے والے پاکستانی طالب علم ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=146400

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں