پاکستان میں آّذربائیجان کے سفیرعلی علی زادہ کا انٹرویو

84

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) پاکستان میں آّذربائیجان کے سفیرعلی علی زادہ نے کہاہے کہ پاکستان اورآذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کی وسیع استعدادموجود ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مواقع سے استفادہ کرنے سے باہمی تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔ پیر کو اپنے ایک انٹرویومیں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہارکیا اورکہاکہ باہمی تجارت میں 25 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورآذربائیجان توانائی کے شعبے میں تعلقات کو مضبوط بناسکتے ہیں، ہمارے ملک نے پہلے سے ہی تیل اور تیل سے بنی مصنوعات کی فراہمی کی پیشکش کی ہے، دونوں ممالک نے زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے، پاکستان آذربائیجان سے زرعی مصنوعات اورآذربائیجان پاکستان سے چاول، پھل، کھیلوں کا سامان اورآلات جراحی درآمد کرسکتا ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ پربھی زور دیا اورکہاکہ پاکستان سے آذربایئیجان جانیو الے شہریوں کی سالانہ تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔پاکستانی سیاح باکو، ناخچیوان ، گانجا اوردیگر اہم سیاحتی مقامات جارہے ہیں، اسی طرح آذربائیجان سے سیاح پاکستان آرہے ہیں۔آذربائیجان کے سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک ثقافت، تعلیم، اورسائنس کے شعبوں میں تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے بھی روابط کو فروغ دے سکتے ہیں، دونوں ملک تعلیم اورتحقیق کے شعبے میں تبادلے کے پروگرام کیذریعے وظائف جاری کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں ، ہم پاکستان میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کرتے ہیں، یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اورمضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آذربائیجان کی قیادت پاکستان کے ساتھ دفاع کے شعبے میں تعلقات میں اضافہ کی خواہش رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آذر بائیجان دونوں کو دہشت گردی اورانتہاپسندی کے مسئلہ کا سامناہے، ہمارا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔