اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) اور ورلڈ یونیورسٹی ایسوسی ایشن آف کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کےدرمیان سائنس، ٹیکنالوجی اوراعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب انڈونیشیا کی معروف ائرلانگا یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ۔
کامسٹیک کی جانب سے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری جبکہ ڈبلیو۔یو۔ اے سی۔ ڈی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصح، ریکٹر ائرلانگا یونیورسٹی و صدر ۔ڈبلیو- یو -اے سی-ڈی- نے معاہدے پر دستخط کیے۔ڈبلیو- یو -اے -سی-ڈی- ائرلانگا یونیورسٹی کا اقدام جو کہ عالمی نیٹ ورک ہے جو 11 ممالک کی 41 جامعات پر مشتمل ہے اور تعلیم و تحقیق کے ذریعے معاشرتی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے۔
اس معاہدے کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تحقیقی روابط، علمی تبادلے اور جدید سائنسی شعبہ جات میں اشتراک کو فروغ دینا ہے، جن میں مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، صحت عامہ اور انجینئرنگ شامل ہیں۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے قلیل مدتی (تین تا چار ہفتے) تربیتی پروگرامز اور طویل مدتی (چھ تا بارہ ماہ) ریسرچ فیلوشپس فراہم کریں گے۔ یہ پروگرامز خاص طور پر کم ترقی یافتہ مسلم ممالک، خصوصاً افریقی خطے سے تعلق رکھنے والے نوجوان محققین کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔
ایئرلانگا یونیورسٹی جو جو ڈبلیو- یو- اے- سی -ڈی کا سیکرٹریٹ بھی ہے منتخب فیلوز کی تعلیمی میزبانی اور نگرانی کرے گی جبکہ کامسٹیک ویزا اور فیلوشپ ایوارڈ کے انتظامات میں معاونت فراہم کرے گا۔ طلباء و محققین کو ائرلانگا یونیورسٹی کے تجربہ کار اساتذہ کی سرپرستی میں تحقیق کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر کامسٹیک نے ڈبلیو- یو اے سی-ڈی- کے اگلے سالانہ اجلاس کو اسلام آباد میں منعقد کرنے کی پیشکش بھی کی، جسے تنظیم کی قیادت نے خوش دلی سے قبول کیا۔
اس اقدام کو مسلم دنیا کے اندر علمی سفارت کاری اور علاقائی شراکت داری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔دونوں اداروں کے حکام نے اس معاہدے کو سائنسی ترقی، ادارہ جاتی مضبوطی، اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ توقع ہے کہ یہ شراکت داری اسلامی دنیا میں سائنسی صلاحیتوں کے فروغ اور معاشرتی بہتری کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔