
اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں افغانستان کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر حملے کے واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستان نے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کابل میں جمعہ کو پاکستان کے ہیڈ آف مشن پر حملہ کیا گیا، حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے افسوسناک واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان حکام نے سکیورٹی یقینی بنا نے کی یقین دہانی کرائی ہے ، واقعہ کے بعد کابل میں سفارتخانے کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ بند کرنے یا عملہ واپس بلانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔
کابل میں پاکستان سمیت دیگر سفارتی مشنز کی بھی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ نے ہمارے ناظم الامور سے بات کی ہے، افغان وزیرخارجہ نے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔